زبور 92:1-15
ایک نغمہ۔ سبت کے دن کے لیے ایک گیت۔
92 یہوواہ کا شکر ادا کرنا اچھا ہے؛اَے خدا تعالیٰ! یہ اچھا ہے کہ تیرے نام کی تعریف میں گیت گائے جائیں؛*
2 صبح کو تیری اٹوٹ محبت کو بیان کِیا جائےاور رات کو تیری وفاداری کو؛
3 دس تاروں والا ساز اور ستار بجا کراور بربط* کی سُریلی دُھن پر تیری بڑائی کی جائے
4 کیونکہ اَے یہوواہ! تُو نے اپنے کاموں کے ذریعے مجھے خوشی بخشی ہے؛مَیں تیرے ہاتھوں کے کاموں کی وجہ سے خوشی سے للکارتا ہوں۔
5 اَے یہوواہ! تیرے کام کتنے عظیم ہیں!
تیرے خیالات کتنے گہرے ہیں!
6 کوئی بےعقل شخص اِنہیں نہیں جان سکتا؛کوئی احمق شخص یہ نہیں سمجھ سکتا
7 کہ جب بُرے لوگ جنگلی پودوں* کی طرح بڑھتے ہیںاور سب گُناہگار پھلتے پھولتے ہیںتو یہ اِسی لیے ہوتا ہے کہ اُنہیں ہمیشہ کے لیے مٹا دیا جائے۔
8 لیکن اَے یہوواہ! تیرا مرتبہ ہمیشہ بلند ہے۔
9 اَے یہوواہ! اپنے دُشمنوں کی ہار دیکھ!تیرے دُشمن یقیناً تباہ ہو جائیں گے؛سب گُناہگار تتربتر ہو جائیں گے۔
10 مگر تُو میری طاقت بڑھا کر* مجھے جنگلی سانڈ جیسا طاقتور بنائے گا؛مَیں اپنی جِلد پر تازہ تیل مل کر اِسے تر کروں گا۔
11 مَیں اپنی آنکھوں سے اپنے دُشمنوں کی ہار دیکھوں گا؛مَیں اپنے کانوں سے اُن بُرے لوگوں کے گِرنے کی خبر سنوں گا جو مجھ پر حملہ کرتے ہیں۔
12 لیکن نیک لوگ کھجور کے درخت کی طرح پھلیں پھولیں گےاور لبنان کے دیودار کی طرح خوب بڑھیں گے۔
13 اُنہیں یہوواہ کے گھر میں لگایا گیا ہے؛وہ ہمارے خدا کے گھر کے صحنوں میں پھلیں پھولیں گے۔
14 وہ بڑھاپے میں بھی پھل دیں گے؛وہ جوشیلے اور تروتازہ رہیں گے؛
15 وہ اِعلان کرتے رہیں گے کہ یہوواہ سچا ہے۔
وہ میری چٹان ہے جس میں کوئی بُرائی نہیں۔
فٹ نوٹس
^ یا ”موسیقی بجائی جائے؛“
^ ایک قسم کا تاردار ساز
^ یا ”گھاس“
^ لفظی ترجمہ: ”میرا سینگ اُونچا کر کے“