2-تیمُتھیُس 2:1-26
2 بیٹا، اُس عظیم رحمت کے ذریعے جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے، طاقت حاصل کرتے رہیں۔
2 وفادار آدمیوں کو وہ باتیں سکھائیں جو آپ نے مجھ سے سنی ہیں اور جن کی بہت سے گواہوں نے تصدیق کی ہے۔ اِس طرح وہ دوسروں کو تعلیم دینے کے لائق بنیں گے۔
3 مسیح یسوع کے اچھے فوجی کے طور پر مصیبتیں سہنے کے لیے تیار رہیں۔
4 کوئی فوجی کاروباری معاملوں* میں نہیں اُلجھتا کیونکہ وہ اُس شخص کو خوش کرنا چاہتا ہے جس نے اُسے بھرتی کِیا ہے۔
5 اور کھلاڑی کو اُسی صورت میں اِنعام* ملتا ہے جب وہ کھیل کے اصولوں کے مطابق مقابلہ کرتا ہے۔
6 اور جو کسان محنت کرتا ہے، اُسے فصل کا پہلا حصہ ملتا ہے۔
7 میری باتوں پر سوچ بچار کرتے رہیں۔ ہمارا مالک آپ کو سب باتوں کی سمجھ عطا کرے گا۔
8 یاد رکھیں کہ یسوع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھے اور وہ داؤد کی نسل سے تھے۔ یہی وہ خوشخبری ہے جو مَیں لوگوں کو سناتا ہوں
9 اور جس کی وجہ سے مَیں اذیت اُٹھا رہا ہوں اور ایک مُجرم کے طور پر قید ہوں۔ لیکن خدا کا کلام قید نہیں ہے۔
10 لہٰذا مَیں اُن لوگوں کی خاطر جنہیں خدا نے چُنا ہے، مصیبتیں سہتا رہوں گا تاکہ وہ بھی مسیح یسوع کے ذریعے نجات اور ابدی عظمت حاصل کر سکیں۔
11 یہ بات سچی ہے کہ اگر ہم اُس کے ساتھ مریں گے تو ہم اُس کے ساتھ جئیں گے؛
12 اگر ہم ثابتقدم رہیں گے تو ہم اُس کے ساتھ بادشاہوں کے طور پر حکمرانی کریں گے؛ اگر ہم اُس کا اِنکار کریں گے تو وہ ہمارا اِنکار کرے گا؛
13 اگر ہم بےوفائی کریں گے تو وہ وفادار رہے گا کیونکہ وہ اپنا اِنکار نہیں کر سکتا۔
14 اُنہیں یہ باتیں یاد دِلاتے رہیں اور خدا کے حضور ہدایت* دیتے رہیں کہ لفظوں کے بارے میں بحثوتکرار نہ کریں کیونکہ اِس کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ اِس سے سننے والوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
15 خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں اور خود کو اُس کے حضور ایک ایسے خادم کے طور پر پیش کریں جسے اپنے کاموں کی وجہ سے شرمندہ نہ ہونا پڑے اور جو سچائی کے کلام کو صحیح طور پر اِستعمال کرے۔
16 ایسی فضول تقریروں پر دھیان نہ دیں جن میں پاک چیزوں کی توہین کی جاتی ہے کیونکہ اُن کی وجہ سے بُرائی بڑھتی جائے گی
17 اور وہ ایک زہریلے زخم کی طرح پھیلتی جائیں گی۔ ایسی تقریریں کرنے والوں میں ہِمنیُس اور فلیتُس بھی شامل ہیں۔
18 وہ سچائی کی راہ سے پھر گئے ہیں اور دوسروں کے ایمان کو بھی تباہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ مُردے زندہ ہو چکے ہیں۔
19 اِس کے باوجود خدا کی مضبوط بنیاد قائم رہتی ہے۔ اِس بنیاد پر ایک مُہر لگی ہے جس پر لکھا ہے: ”یہوواہ* اپنے بندوں کو جانتا ہے“ اور ”جو شخص یہوواہ* کا نام لیتا ہے، وہ بُرائی کو ترک کر دے۔“
20 ایک بڑے گھر میں نہ صرف سونے اور چاندی کے برتن ہوتے ہیں بلکہ لکڑی اور مٹی کے بھی۔ کچھ برتن اعلیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتے ہیں جبکہ کچھ ادنیٰ کاموں کے لیے۔
21 اگر کوئی شخص اُن برتنوں سے دُور رہے گا جو ادنیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتے ہیں تو وہ ایسا برتن ہوگا جو اعلیٰ کاموں کے لیے اِستعمال ہوتا ہے۔ وہ پاک* ہوگا اور اپنے مالک کے کام آئے گا اور ہر اچھے کام کے لیے تیار ہوگا۔
22 لہٰذا جوانی کی خواہشوں سے بھاگیں اور اُن لوگوں کے ساتھ مل کر نیکی، ایمان، محبت اور صلح* کی جستجو کریں جو صافدل سے ہمارے مالک کا نام لیتے ہیں۔
23 اِس کے علاوہ احمقانہ اور فضول بحثوتکرار سے کنارہ کریں کیونکہ اِس سے لڑائی جھگڑا پیدا ہوتا ہے۔
24 لیکن ہمارے مالک کے غلام کو لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہیے بلکہ سب کے ساتھ نرمی سے پیش آنا چاہیے، تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے، بُرے سلوک پر درگزر کرنا چاہیے
25 اور سرکش لوگوں کو نرمی سے سکھانا چاہیے۔ شاید خدا ایسے لوگوں کو توبہ کرنے کی توفیق بخشے تاکہ وہ سچائی کے بارے میں صحیح علم حاصل کریں
26 اور ہوش میں آئیں اور شیطان کے پھندے سے چھٹکارا پائیں جس نے اُنہیں پھنسا رکھا ہے تاکہ وہ اُس کی مرضی پر چلیں۔
فٹ نوٹس
^ یا شاید ”روزمرہ کاموں“
^ یونانی میں: ”تاج“
^ یا ”اچھی طرح سے گواہی“
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”مخصوص“
^ یا ”امن“