کیا یہ خالق کی کاریگری ہے؟
جھینگروں کی زندگی کا انوکھا چکر
جھینگر دِکھنے میں ٹڈیوں جیسے لگتے ہیں۔ یہ برِاعظم انٹارکٹکا کے علاوہ باقی تمام برِاعظموں میں پائے جاتے ہیں۔ لیکن برِاعظم امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں جھینگروں کی ایک انوکھی قسم پائی جاتی ہے جس نے بڑے عرصے سے سائنسدانوں کو حیران کر رکھا ہے۔
غور کریں: یہ جھینگر بہار کے موسم میں اچانک لاکھوں کی تعداد میں نظر آنے لگتے ہیں اور وہ بھی صرف کچھ ہفتوں کے لیے۔ اِس تھوڑے سے عرصے کے دوران یہ اپنی پُرانی جِلد اُتارتے ہیں، بہت اُونچی آواز میں گاتے ہیں، اِدھر اُدھر اُڑتے ہیں، انڈے دیتے ہیں اور پھر مر جاتے ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اِن جھینگروں کی اگلی نسل یا تو 13 یا پھر 17 سال کے بعد نظر آتی ہے اور اِس کا اِنحصار اِس بات پر ہوتا ہے کہ وہ اِن جھینگروں کی کس قسم سے تعلق رکھتی ہے۔ لیکن یہ جھینگر اِتنے سالوں کے لیے کہاں غائب ہو جاتے ہیں؟
اِس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ جھینگر اپنی پیدائش سے لے کر موت تک کن مراحل سے گزرتے ہیں۔ جب بہار کے موسم میں یہ جھینگر نظر آتے ہیں تو اِس کے تقریباً ایک ہفتے بعد نر اور مادہ جھینگر ملاپ کرتے ہیں اور مادہ جھینگر درخت کی ٹہنیوں پر 400 سے 600 انڈے دیتی ہے۔ اِس کے کچھ ہی دیر بعد نر اور مادہ جھینگر مر جاتے ہیں۔ اگلے چند ہفتوں میں انڈوں سے لاروے نکلتے ہیں اور زمین پر گِر جاتے ہیں۔ یہ لاروے مٹی کے اندر چلے جاتے ہیں اور کئی سالوں تک درختوں کی جڑوں سے خوراک حاصل کرتے رہتے ہیں۔ پھر 13 یا 17 سال بعد یہ نسل زمین سے باہر آتی ہے اور اُنہی مراحل سے گزرتی ہے جن سے پچھلی نسل گزری تھی۔ اِن جھینگروں کی زندگی کا سلسلہ یوں ہی چلتا رہتا ہے۔
ایک سائنسی رسالے نیچر میں بتایا گیا کہ اِن جھینگروں نے ”صدیوں سے سائنسدانوں کو اُلجھن میں ڈال رکھا ہے۔ . . . ابھی تک سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اِس جھینگر کی زندگی کا انوکھا چکر کیسے وجود میں آیا۔“ یہ واقعی جانوروں کی دُنیا کا بہت گہرا راز ہے۔
آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا جھینگروں کی زندگی کا یہ انوکھا چکر خودبخود وجود میں آیا ہے؟ یا کیا یہ خالق کی کاریگری ہے؟