کیا آپ کو معلوم ہے؟
یہ اچھا کیوں تھا کہ یہوواہ نے بنیاِسرائیل کو قمریوں اور کبوتروں دونوں کی قربانی چڑھانے کی اِجازت دی تھی؟
شریعت کے مطابق بنیاِسرائیل یہوواہ کے حضور قمریوں یعنی فاختاؤں اور کبوتروں دونوں کی قربانی چڑھا سکتے تھے۔ بائبل میں اِن دونوں پرندوں کا ذکر ہمیشہ ساتھ ساتھ ہوا ہے اور اِن میں سے کسی کو بھی قربانی کے لیے پیش کِیا جا سکتا تھا۔ (احبا 1:14؛ 12:8؛ 14:30) اِس کی کیا وجہ تھی؟ اِس کی ایک وجہ یہ تھی کہ قمریاں آسانی سے نہیں ملتی تھیں۔ مگر کیوں؟
قمریاں ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کرتی ہیں اور وہ گرمیوں کے موسم میں اِسرائیل میں آتی ہیں۔ ہر سال وہ اکتوبر میں جنوب کی طرف گرم ملکوں میں چلی جاتی ہیں اور پھر بہار کے موسم میں واپس اِسرائیل میں آ جاتی ہیں۔ (غز 2:11، 12؛ یرم 8:7) اِس لیے پُرانے وقتوں میں بنیاِسرائیل کے لیے سردیوں کے موسم میں قمریوں کی قربانی دینا آسان نہیں تھا۔
لیکن کبوتر عام طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت نہیں کرتے۔ اِس لیے وہ اِسرائیل میں آسانی سے سارا سال مل جاتے تھے۔ اِس کے علاوہ لوگ کبوتروں کو پالتے بھی تھے۔ (یوحنا 2:14، 16 پر غور کریں۔) بائبل میں جن پودوں اور جانوروں کا ذکر ہے، اُن کے بارے میں ایک کتاب میں لکھا ہے: ”فلسطین کے ہر گاؤں اور قصبے میں لوگ کبوتروں کو پالتے تھے۔ اِس کے علاوہ ہر گھر میں کبوترخانہ یا دیوار کے اندر سوراخ ہوتا تھا جہاں پرندے آ کر رہ سکتے تھے۔“—یسعیاہ 60:8 پر غور کریں۔
یہوواہ خدا نے بنیاِسرائیل کو اِجازت دی کہ وہ ایسے پرندوں کو قربانی کے طور پر پیش کر سکتے ہیں جو سارا سال آسانی سے مل سکیں۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ کتنا نرمدل ہے اور وہ اپنے بندوں سے ایسے کاموں کی توقع نہیں کرتا جنہیں کرنا اُن کے لیے مشکل ہو۔