کیا آپ کو معلوم ہے؟
کیا بائبل کے علاوہ اِس بات کا کوئی اَور ثبوت ہے کہ بنیاِسرائیل مصر میں غلام تھے؟
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ جب مِدیانی یوسف کو مصر لے گئے تو بعد میں یعقوب اور اُن کا خاندان ملک کنعان سے مصر منتقل ہو گیا۔ وہ مصر کے علاقے جشن میں آباد ہو گئے جو کہ نیل ڈیلٹا * کا حصہ تھا۔ (پید 47:1، 6) اِسرائیلیوں کی تعداد بڑھتی گئی اور وہ ”نہایت زورآور“ ہو گئے۔ مصریوں کو یہ خوف ستانے لگا کہ کہیں اِسرائیلی اُن پر حاوی نہ ہو جائیں۔ اِس لیے اُنہوں نے زبردستی اُنہیں اپنا غلام بنا لیا۔—خر 1:7-14۔
جدید زمانے کے کچھ تنقیدنگار بائبل کے اِس بیان کو منگھڑت خیال کرتے ہیں۔ لیکن اِس بات کا ثبوت موجود ہے کہ قدیم مصر میں سامی لوگ * غلامی کی زندگی گزارتے تھے۔
مثال کے طور پر آثارِقدیمہ کے ماہرین نے شمالی مصر میں کھدائی کے دوران کچھ آبادیوں کے آثار دریافت کیے ہیں۔ ڈاکٹر جان بمسن نے بتایا کہ کھدائی کے علاقے سے 20 یا اِس سے بھی زیادہ ایسی آبادیوں کے شواہد ملے ہیں جن میں سامی لوگ رہتے تھے۔ مصر کے آثارِقدیمہ پر تحقیق کرنے والے ایک ماہر جیمز ہافمائیر نے کہا: ”لگ بھگ 1800 سے 1540قبلازمسیح کے دوران مغربی ایشیا [جہاں یعقوب کا خاندان رہتا تھا]سے تعلق رکھنے والے سامی لوگوں کے لیے مصر ایک بڑی پُر کشش جگہ رہی اور وہ یہاں آ کر بس گئے۔“ وہ مزید بتاتے ہیں: ”یہ وہی عرصہ تھا جب بنیاِسرائیل کے باپدادا زندہ تھے۔ لہٰذا یہ عرصہ پیدایش کی کتاب میں ذکرکردہ اُس عرصے اور حالات سے میل کھاتا ہے جب ابراہام اور یعقوب کھانے، پانی اور سرسبز چراگاہوں کی تلاش میں مصر گئے اور اِضحاق بھی اِن چیزوں کی تلاش میں مصر کے کافی قریب پہنچ گئے۔“
اِس سلسلے میں ایک اَور ثبوت جنوبی مصر سے دریافت ہونے والے ایک نسخے سے ملتا ہے۔ 2000 سے 1600 قبلازمسیح کے اُس نسخے میں جنوبی مصر کے ایک گھر میں کام کرنے والے غلاموں کے نام درج ہیں۔ اِن ناموں میں 40 سے زیادہ سامی نام ہیں۔ یہ غلام باورچیوں، کپڑے بُننے والوں اور مزدوروں کے طور پر کام کرتے تھے۔ جیمز ہافمائیر نے کہا: ”اگر تھیبس [جنوبی مصر کا ایک علاقہ] کے صرف ایک گھر میں 40 سے زیادہ سامی کام کرتے تھے تو بےشک پورے مصر اور خاص طور پر[نیل] ڈیلٹا میں سامیوں کی تعداد خاصی زیادہ ہوگی۔“
ماہرِآثارِقدیمہ ڈیوڈ رول نے لکھا کہ اِس نسخے میں درج کچھ غلاموں کے نام ”کافی حد تک بائبل میں درج ناموں جیسے ہیں۔“ مثال کے طور پر اُن نسخوں میں لکھے کچھ نام بائبل میں درج ناموں اِشکار، آشر اور سفرہ سے ملتے جلتے ہیں۔ (خر 1:3، 4، 15) ڈیوڈ رول کے مطابق ”یہ اِس بات کا پکا ثبوت ہے کہ ایک وقت تھا جب اِسرائیلی مصر میں غلامی کی زندگی گزار رہے تھے۔“
ڈاکٹر بمسن بتاتے ہیں: ”مصر میں غلامی اور اِس سے رِہائی کے حوالے سے بائبل میں جو واقعات درج ہیں، اُن کے ٹھوس تاریخی شواہد موجود ہیں۔“
^ پیراگراف 3 نیل ڈیلٹا اُس وسیع علاقے کو کہتے ہیں جہاں دریائےنیل مختلف شاخوں میں تقسیم ہو کر بحیرۂروم میں گِرتا ہے۔
^ پیراگراف 4 سامی لوگ، نوح کے بیٹے سم کی نسل سے تھے۔ اِن میں غالباً عیلامی، اسوری، کسدی، عبرانی، ارامی اور بہت سے عربی قبیلے بھی شامل تھے۔