کواٹی—ایک نٹکھٹ سا جانور
کواٹی—ایک نٹکھٹ سا جانور
برازیل سے جاگو! کا نامہنگار
اگر آپ برازیل میں ہیں اور اتفاقاً آ پ کا گزر کسی گھنے جنگل سے ہوتا ہے تو شاید آپ کو وہاں کواٹیوں کا ایک غول اپنی طرف آتا دکھائی دے۔ اچانک اُنہیں اپنے سامنے دیکھ کر آپ کے رونگٹے کھڑے ہو سکتے ہیں۔ آپ شاید سوچیں کہ اب تو بچنا مشکل ہے۔ مگر گھبرائیں مت! اگرچہ کواٹیوں کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ انسانوں کو کاٹتے ہیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ اِن کی نظر آپ کے بیگ پر ہوتی ہے۔ دراصل کواٹی ہمیشہ کھانے کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اُنہیں جو کچھ بھی ملتا ہے سب چٹ کر جاتے ہیں خواہ یہ پھل ہوں یا کیڑے مکوڑے، چھپکلیاں، مکڑیاں، چوہے یا پھر پرندوں کے انڈے۔
کواٹی کا تعلق راکون کے خاندان سے ہے۔ لیکن راکون کے برعکس اِس کا جسم اور دُم زیادہ لمبی ہوتی ہے جبکہ اِس کی تھوتھنی پتلی اور لچکدار ہوتی ہے۔ کواٹی کا جسم ۲۶ انچ لمبا ہوتا ہے اور اِس کی دُم بھی لگبھگ اتنی ہی لمبی ہوتی ہے۔ گرم مرطوب علاقے کا یہ ممالیا یعنی دُودھ پلانے والا جانور امریکہ کے جنوب مغرب سے لیکر شمالی ارجنٹینا تک پایا جاتا ہے۔
مادہ کواٹی ۲۰ یا زیادہ کے غول بنا کر سفر کرتی ہیں جبکہ نر کواٹی تنہا رہنا پسند کرتے ہیں۔ ہر سال جب افزائشِ نسل کا موسم آتا ہے تو نر کواٹی مادہ کواٹیوں کے غول میں شامل ہو جاتا ہے۔ اِس کے ۷ یا ۸ ہفتوں بعد گابھن کواٹیاں غول کو چھوڑ کر درختوں کی کھوہ میں اپنے گھر بنانے کے لئے چلی جاتی ہیں۔ ہر مادہ تین یا چار بچے دیتی ہے۔ اِس کے تقریباً چھے ہفتے بعد مادہ کواٹیاں اپنے ننھےمنے بچوں سمیت دوبارہ غول میں شامل ہو جاتی ہیں۔ اِن کے بچے اُون کی طرح نرم و ملائم ہوتے ہیں۔
جب کواٹی جنگل میں اِدھر اُدھر گھوم رہے ہوتے ہیں تو وہ متواتر ہوا میں سونگھتے اور اپنے پنجوں سے زمین کو کھودتے رہتے ہیں۔ کسان اِنہیں بالکل پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اُن کے مکئی کے کھیتوں کو خراب کرتے اور پولٹری فارمز کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ جب کواٹی کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہ جانور بڑی ہوشیاری سے اپنی جان بچا لیتے ہیں۔ جونہی اِنہیں خطرہ محسوس ہوتا ہے تو یہ چالاک جانور درختوں کی کھوہ میں واقع اپنے گھروں میں چھپ جاتے ہیں۔ اُن کے پاس اپنی جان بچانے کا ایک اَور طریقہ بھی ہے۔ جیسے ہی گولی چلنے یا تالی بجنے کی آواز اُن کے کانوں میں پڑتی ہے تو وہ دَم سادھ کر زمین پر لیٹ جاتے ہیں! لیکن جب تک شکاری اُنہیں پکڑنے کے لئے قریب پہنچتا ہے وہ وہاں سے غائب ہو چکے ہوتے ہیں!
جب کبھی آپ برازیل جائیں اور اچانک آپ کو بھی کواٹیوں کا ایک غول نظر آئے تو اُنہیں دیکھ کر گھبرائیں مت۔ وہ آپ کو کچھ نہیں کہیں گے۔ ہاں اگر آپ کھانے کے لئے اُن کی طرف کچھ پھینکیں گے تو وہ یقیناً خوش ہوں گے!