خدا کے کلام کے پیغام کو جانیں
خدا کے کلام کے پیغام کو جانیں
● خدا کا پیغام پاک صحیفوں یعنی بائبل میں درج ہے۔ بائبل کسی بھی دوسری کتاب سے زیادہ شائع کی گئی ہے اور دُنیا کی زیادہتر آبادی کو دستیاب ہے۔ بہت سے لوگ اِس کتاب کی بڑی قدر کرتے ہیں۔ لوگ سرکاری عہدے پر فائز ہوتے وقت یا پھر عدالتوں میں اِس کتاب پر حلف اُٹھاتے ہیں۔ پاک صحیفوں کی تعلیم ہر دوسری قسم کی تعلیم سے اعلیٰ ہے۔
بہت سے لوگ اِس بات سے اتفاق کریں گے کہ اگر سب انسان پاک صحیفوں سے علم حاصل کرتے اور اِس پر عمل بھی کرتے تو دُنیا کے حالات اتنے بُرے نہ ہوتے۔ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ پاک صحیفوں کی تعلیم کیا ہے تو بروشر خدا کا کلام—تمام انسانوں کے لئے ایک اہم پیغام کو پڑھیں۔ بتیس صفحوں پر مشتمل اِس بروشر کے پہلے دو باب میں بتایا جاتا ہے کہ خدا نے آدم اور حوا کو فردوس میں کیسے بسایا اور بعد میں اُنہیں فردوس سے خارج کیوں کِیا۔ اگلے کئی ابواب میں اِس بات کی وضاحت کی جاتی ہے کہ خدا نے اپنی قوم کے ذریعے مسیح کے آنے کا وعدہ کِیا تھا۔ یہ وہ شخص ہے جو خدا کی بادشاہت کا بادشاہ ہے اور جو اِس زمین کو پھر سے فردوس بنا دے گا۔
اگلے حصے میں یسوع مسیح کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اُس نے خدا کی بادشاہت کے بارے میں تعلیم دی اور معجزے دکھائے۔ پھر جب اُسے مار ڈالا گیا تو خدا نے اُسے زندہ کِیا۔ اگلے چار باب میں یسوع مسیح کے شاگردوں کے اعمال کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ اِن ابواب میں مختصر طور پر بتایا گیا ہے کہ پہلی صدی عیسوی میں شاگردوں نے دُوردراز علاقوں میں بادشاہت کی مُنادی کی، مخالفت کے باوجود خدا کے وفادار رہے اور اپنے ساتھیوں کے ایمان کو مضبوط کرنے اور اُن کی حوصلہافزائی کرنے کے لئے خط لکھے۔ آخری باب میں بتایا جاتا ہے کہ آخرکار زمین پھر سے فردوس بن جائے گی۔ اِس باب کو پڑھ کر یقیناً آپ کو بہت خوشی ہوگی۔ آخری صفحے پر پاک صحیفوں میں درج پیغام کا خلاصہ پیش کِیا گیا ہے۔
اگر آپ اِس بروشر کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ نیچے دئے گئے کوپن کو پُر کر کے اِس پر درج پتے یا اِس رسالے کے صفحہ ۵ پر دئے گئے کسی پتے پر بھیج سکتے ہیں۔
□ برائےمہربانی مجھے یہ بروشر بھیجیں۔
□ برائےمہربانی کسی ایسے شخص کو بھیجیں جو مجھے خدا کے کلام سے تعلیم دے سکے۔