مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سالمن مچھلی کے تیرنے کا انداز

سالمن مچھلی کے تیرنے کا انداز

کیا یہ خالق کی کاریگری ہے؟‏

سالمن مچھلی کے تیرنے کا انداز

● سالمن مچھلی سمندروں یا بڑےبڑے دریاؤں میں رہتی ہے۔‏ لیکن انڈے دینے کے لئے وہ چھوٹے دریاؤں یا ندیوں کا رُخ کرتی ہے اور پانی کے بہاؤ کے خلاف تیرتی ہوئی بڑا فاصلہ طے کرتی ہے۔‏ اِن دریاؤں اور ندیوں میں عموماً پانی کا بہاؤ بہت ہی تیز ہوتا ہے۔‏ سالمن مچھلی یہ دشوار سفر کیسے طے کرتی ہے؟‏ اُسے پانی کے تیز بہاؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ زور نہیں لگانا پڑتا ہے کیونکہ وہ بہاؤ کا فائدہ اُٹھاتی ہے۔‏ وہ کیسے؟‏

غور کریں:‏ سالمن مچھلی تیز پانی میں تیرتے وقت توانائی بچانے کے لئے پانی میں ڈوبی شاخوں یا پتھروں کے پیچھے گھس جاتی ہے۔‏ اِن شاخوں اور پتھروں کے پیچھے پانی چکراتا ہے اور یوں کچھ جگہوں پر پانی ندی میں اُوپر کی طرف بہتا ہے۔‏ سالمن مچھلی اِن چکروں کے بیچ سے گزر کر زور لگائے بغیر آگے تیر سکتی ہے۔‏ (‏تصویر کو دیکھیں۔‏)‏ جب مچھلیاں پانی میں تیرتی ہیں تو اُن کے پیچھے بھی پانی چکراتا ہے۔‏ اِس لئے مچھلیوں کے ایک غول میں ہر مچھلی اُن چکروں کا فائدہ اُٹھاتی ہے جو اُس کے سامنے تیرنے والی مچھلی کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔‏ یہاں تک کہ ایک مچھلی اُن چکروں کا بھی فائدہ اُٹھا سکتی ہے جو وہ خود ہی پیدا کرتی ہے۔‏

سالمن مچھلی کے تیرنے کے انداز پر تحقیق کرنے سے سائنس‌دان ایسے ہائڈرو الیکٹرک جنریٹر بنانے کی کوشش کرتے ہیں جو کم رفتار سے بہنے والے پانی میں بھی بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔‏ عام طور پر ہائڈرو الیکٹرک جنریٹر صرف ایسے پانی میں بجلی پیدا کر سکتے ہیں جس کے بہاؤ کی رفتار کم‌ازکم ۱۰ کلومیٹر (‏۶ میل)‏ فی‌گھنٹہ ہوتی ہے۔‏ حال ہی میں ایک ایسا جنریٹر بنایا گیا ہے جو سالمن مچھلی کی طرح پانی میں پیدا ہونے والے چکروں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے بجلی پیدا کرتا ہے۔‏ یہ جنریٹر ۴ کلومیٹر (‏ڈھائی میل)‏ فی‌گھنٹہ کی رفتار پر بہنے والے پانی میں بھی بجلی پیدا کر سکتا ہے۔‏ * البتہ یہ جنریٹر پانی کے بہاؤ سے توانائی حاصل کرنے میں اِتنا مؤثر نہیں ہے جتنا کہ سالمن مچھلی ہے۔‏ امریکہ کی یونیورسٹی آف مشی‌گن کے ایک پروفیسر نے تسلیم کِیا کہ ”‏مچھلی ہم سے زیادہ ذہین ہے۔‏“‏

آپ کا کیا خیال ہے؟‏ کیا ایسی مچھلیاں جو پانی میں پیدا ہونے والے چکروں سے توانائی حاصل کرتی ہیں،‏ محض کسی قدرتی عمل کے ذریعے وجود میں آئی ہیں؟‏ یا پھر کیا یہ ایک ذہین خالق کی کاریگری ہیں؟‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 5 ایسے ہائڈرو الیکٹرک جنریٹر بہت فائدہ‌مند ثابت ہوں گے کیونکہ دُنیا کے زیادہ‌تر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی رفتار ۵ کلومیٹر (‏۳ میل)‏ فی‌گھنٹہ سے کم ہوتی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۷ پر تصویر کا حوالہ]‏

‏.Top: © photolibrary. All rights reserved