کیا پاک کلام کی مدد سے آپ نشے کی لت سے چھٹکارا پا سکتے ہیں؟
ہر سال فرق فرق طرح کے نشے کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ کورونا کی وبا کے دوران منشیات کا اِستعمال اَور بھی بڑھ گیا۔ پاک کلام میں دیے گئے مشوروں پر عمل کرنے سے کئی لوگ منشیات لینے کی عادت پر قابو پا سکیں ہیں۔ اگر آپ کو بھی اِس مسئلے کا سامنا ہے تو پاک کلام میں دیے گئے مشوروں پر عمل کرنے سے آپ کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ a
اِس مضمون میں ہم اِن باتوں کے بارے میں بات کریں گے:
نشہ چھوڑنے کے لیے پاک کلام سے مدد کیوں لیں؟
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ بہت سے لوگوں کو منشیات لینے کی لت اِس لیے لگ جاتی ہے کیونکہ وہ خود کو اکیلا محسوس کرتے ہیں اور شدید پریشانی یا ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔ پاک کلام آپ کی مدد کر سکتا ہے تاکہ آپ ایسے احساسات پر قابو پا سکیں جن کی وجہ سے آپ منشیات لینے کی لت میں پڑ سکتے ہیں۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ آپ خدا کے قریبی دوست کیسے بن سکتے ہیں۔ (زبور 25:14) خدا کی مدد سے آپ اُن مسئلوں پر بھی قابو پا سکتے ہیں جنہیں خود سے حل کرنا شاید آپ کو ناممکن لگے۔—مرقس 11:22-24۔
نشے کی لت سے چھٹکارا پانے کے لیے پاک کلام سے چار قدم
1. یہوواہ خدا کو جانیں۔ b (یوحنا 17:3) یہوواہ نے سب چیزوں کو بنایا ہے اور اُس کے پاس بےاِنتہا طاقت ہے۔ لیکن سب سے بڑھ کر وہ آپ کا شفیق آسمانی باپ ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کے قریب جائیں۔ جب آپ اُس کے قریب جائیں گے تو وہ اپنی طاقت کو آپ کی مدد کرنے کے لیے اِستعمال کرے گا۔ (یسعیاہ 40:29-31؛ یعقوب 4:8) اگر آپ بھی اُس کے قریب جانے کا فیصلہ کریں گے تو وہ آپ کو ایک شاندار مستقبل کی اُمید دے گا۔—یرمیاہ 29:11؛ یوحنا 3:16۔
2. یہوواہ سے مدد مانگیں۔ نشے کی لت پر قابو پانے کے لیے دُعا میں خدا سے مدد مانگیں تاکہ آپ ”پاک اور خدا کو پسندیدہ“ ہوں۔ (رومیوں 12:1) خدا اپنی پاک روح یعنی قوت کے ذریعے آپ کو وہ طاقت دے گا جو ”اِنسانی قوت سے بڑھ کر ہے۔“ (2-کُرنتھیوں 4:7؛ لُوقا 11:13) اِس طاقت کے ذریعے آپ نشے کی لت کو چھوڑ سکیں گے اور اُس ”نئی شخصیت“ کو پہن لیں گے جو خدا کی مرضی کے مطابق ہے۔—کُلسّیوں 3:9، 10۔
3. خدا کی سوچ کو اپنی سوچ بنا لیں۔ (یسعیاہ 55:9) خدا آپ کی مدد کرے گا تاکہ آپ ”اپنی سوچ کو نیا بناتے جائیں“ یا اپنی سوچ کو بدل سکیں۔ اِس طرح آپ نشے کی لت سے چھٹکارا پا سکیں گے۔ (اِفسیوں 4:23) خدا کی سوچ ہمیں پاک کلام سے پتہ چلتی ہے۔ اِس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ پاک کلام کو ہر روز پڑھیں۔ (زبور 1:1-3) بہت سے لوگوں نے پاک کلام کو سمجھنے کے لیے دوسروں سے مدد لی ہے اور اِس سے اُنہیں بہت فائدہ ہوا ہے۔ (اعمال 8:30، 31) یہوواہ کے گواہ مُفت بائبل کورس کراتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ ہماری عبادتوں میں آئیں جہاں پاک کلام سے تعلیم دی جاتی ہے اور یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ہم اِس تعلیم پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔
4. اچھے دوست چُنیں۔ آپ کے دوست آپ پر بہت گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ وہ آپ کے لیے نشے کی لت کو چھوڑنا یا تو آسان بنا سکتے ہیں یا پھر مشکل۔ (امثال 13:20) جو لوگ خدا کی عبادت کرتے ہیں، اُن میں آپ کو بہت سے اچھے دوست مل سکتے ہیں اور خدا چاہتا ہے کہ آپ اُن سے دوستی کریں تاکہ آپ کا بھلا ہو۔ (زبور 119:63؛ رومیوں 1:12) اِس بات کا بھی دھیان رکھیں کہ آپ ٹیوی یا موبائل پر کس طرح کے پروگرام دیکھتے ہیں یا کس طرح کے لوگوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو آپ دیکھتے یا سنتے ہیں اور جن کے بارے میں آپ پڑھتے ہیں، اصل میں آپ اُن لوگوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہوتے ہیں۔ ہر اُس چیز سے دُور رہیں جو آپ کے لیے صحیح کام کرنا مشکل بنا سکتی ہے۔—زبور 101:3؛ عاموس 5:14۔
پاک کلام کی کچھ آیتیں جو نشہ چھوڑنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں
زبور 27:10: ”جب میرا باپ اور میری ماں مجھے چھوڑ دیں تو [یہوواہ] مجھے سنبھال لے گا۔“
”مَیں زندگی میں کبھی اپنے ابو سے نہیں ملا جس کی وجہ سے مجھے بہت خالی پن محسوس ہوتا تھا۔ لیکن جب مَیں جان گیا کہ یہوواہ خدا ایک حقیقی ہستی ہے اور وہ مجھ سے بہت پیار کرتا ہے تو مجھے زندگی کا مقصد مل گیا۔ اِس وجہ سے مَیں اپنی لت پر قابو پا سکا۔“—ہیٹی سے وِلبی۔
زبور 50:15: ”مصیبت کے دن مجھ سے فریاد کر۔ مَیں تجھے چھڑاؤں گا اور تُو میری تمجید کرے گا۔“
”کئی بار اِس آیت نے میری مدد کی تاکہ مَیں ہمت نہ ہاروں۔ یہوواہ نے اُس وقت بھی اپنا یہ وعدہ پورا کِیا جب کبھی کبھار مَیں اپنی لت کے آگے گھٹنے ٹیک دیتا تھا۔“—یوکرین سے سرہی۔
امثال 3:5، 6: ”سارے دل سے [یہوواہ] پر توکل کر اور اپنے فہم پر تکیہ نہ کر۔ اپنی سب راہوں میں اُس کو پہچان اور وہ تیری راہنمائی کرے گا۔“
”اِن آیتوں نے میری مدد کی کہ مَیں خود پر نہیں بلکہ یہوواہ پر بھروسا کروں۔ اُس کی طاقت سے مَیں خود کو پوری طرح سے بدل پایا۔“—اِٹلی سے میکیلے۔
یسعیاہ 41:10: ”تُو مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہوں۔ ہراساں نہ ہو کیونکہ مَیں تیرا خدا ہوں مَیں تجھے زور بخشوں گا۔ مَیں یقیناً تیری مدد کروں گا اور مَیں اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تجھے سنبھالوں گا۔“
”جب مجھے منشیات نہیں ملتی تھیں تو مَیں شدید پریشان ہو جاتا تھا۔ اِس آیت سے میرا یہ یقین بڑھا کہ خدا اِس پریشانی پر قابو پانے میں میری مدد کرے گا اور اُس نے ایسا کِیا بھی۔“—جنوبی افریقہ سے اینڈی۔
1-کُرنتھیوں 15:33: ”دھوکا نہ کھائیں۔ بُرے ساتھی اچھی عادتوں کو بگاڑ دیتے ہیں۔“
”مجھے منشیات کے بارے میں اپنے دوستوں سے پتہ چلا اور اُن کی وجہ سے ہی مجھے نشے کی لت لگ گئی۔ مَیں اِس لت سے اُسی وقت چھٹکارا پا سکا جب مَیں نے اِن لوگوں سے دوستی توڑ دی۔ مَیں نے ایسے لوگوں سے دوستی کی جو کوئی غلط کام نہیں کرتے تھے اور میرے لیے بہت اچھی مثال تھے۔“—کینیا سے آئیزک۔
2-کُرنتھیوں 7:1: ”اِس لیے آئیں، اپنے جسم اور اپنی سوچ کو ہر طرح کی ناپاکی سے پاک کریں۔“
”اِس آیت کی مدد سے مَیں پوری کوشش کر پائی کہ میرا جسم پاک رہے اور مَیں خود کو بدلوں تاکہ مَیں ایسی چیزوں کی لت پر قابو پا سکوں جن سے مجھے نقصان ہو سکتا ہے۔“—کولمبیا سے روسا۔
فِلپّیوں 4:13: ”جو مجھے طاقت دیتا ہے، اُس کے ذریعے مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔“
”مَیں جانتی تھی کہ مَیں اپنی طاقت سے نشے کی لت نہیں چھوڑ سکتی۔ اِس لیے مَیں نے خدا سے مدد مانگی اور اُس نے مجھے اِس عادت کو چھوڑنے کی طاقت دی۔“—اِٹلی سے پیٹریزیا۔
کچھ اَور جیتی جاگتی مثالیں: پاک کلام کی مدد سے اپنی لت پر قابو پانا
دمیتری کورشونوو نے بہت بار حد سے زیادہ شراب پینے کی لت سے چھٹکارا پانے کی کوشش کی۔ ویڈیو ”مَیں اپنے طرزِزندگی سے تنگ آ گیا تھا“ میں دیکھیں کہ وہ کیسے اِس لت پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔
کیا پاک کلام میں نشے کی لت کا علاج کروانے سے منع کِیا گیا ہے؟
جی نہیں۔ پاک کلام میں لکھا ہے:”تندرست لوگوں کو حکیم کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ بیمار لوگوں کو۔“ (متی 9:12) امریکہ میں منشیات کے غلط اِستعمال پر تحقیق کرنے والے ایک اِدارے کے مطابق ”منشیات کی لت ایک بہت پیچیدہ بیماری ہے اور اِس بیماری سے چھٹکارا پانے کے لیے صرف خود پر قابو رکھنا اور چھٹکارے کی خواہش رکھنا ہی کافی نہیں ہے۔“ اِس بات میں کوئی شک نہیں کہ خدا کی مدد سے ہم اِس لت پر قابو پا سکتے ہیں۔ لیکن بہت سے ایسے لوگ جنہوں نے نشہ کرنا چھوڑ دیا ہے، اُنہوں نے نہ صرف پاک کلام کے مشوروں پر عمل کِیا بلکہ ضرورت پڑنے پر ڈاکٹروں سے بھی مدد لی۔ c مثال کے طور پر ایلن نام کے ایک آدمی نے کہا: ”جب مَیں شراب کی لت چھوڑنے کی کوشش کر رہا تھا تو میرے جسم میں شدید درد ہوتا تھا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ مجھے خدا سے مدد لینے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں سے بھی مدد لینے کی ضرورت ہے۔“
کیا پاک کلام میں ایسی دوائیاں اِستعمال کرنے سے منع کِیا گیا ہے جن سے نشہ ہو جاتا ہے؟
جی نہیں۔ پاک کلام سے پتہ چلتا ہے کہ کسی بیماری کو ٹھیک کرنے یا مرنے والے شخص کے درد کو کم کرنے کے لیے اُسے مے پلائی جاتی تھی۔ (امثال 31:6؛ 1-تیمُتھیُس 5:23) لیکن جس طرح ہمیں شراب کی لت لگ سکتی ہے اُسی طرح ہمیں اُن دوائیوں کی بھی لت لگ سکتی ہے جو درد کو کم کرنے کے لیے لی جاتی ہیں۔ اِس لیے یہ سمجھداری کی بات ہوگی کہ جب ڈاکٹر ہمیں درد کو کم کرنے کے لیے کوئی دوائی دیتا ہے تو ہم پہلے سے اچھی طرح دیکھ لیں کہ اِس دوائی کو لینے کے کیا نقصان ہو سکتے ہیں۔—امثال 22:3۔
a اِس مضمون میں خاص طور پر منشیات کی لت پر قابو پانے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ لیکن اِس میں بتائے گئے پاک کلام کے اصول اُن لوگوں کی بھی مدد کر سکتے ہیں جو حد سے زیادہ شراب پینے اور کھانا کھانے، تمباکونوشی کرنے، جُوا کھیلنے، فحش مواد دیکھنے، سننے یا پڑھنے یا سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ اِستعمال کرنے کی عادت کو چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
b یہوواہ پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔ (زبور 83:18) مضمون ”یہوواہ کون ہے؟“ کو دیکھیں۔
c بہت سے اِداروں، ہسپتالوں اور مہموں کے ذریعے ایسے لوگوں کا علاج کِیا جاتا ہے جو نشے کے عادی ہوتے ہیں۔ ہر شخص کو اِس بات پر دھیان دینا چاہیے کہ علاج کے کون کون سے طریقے دستیاب ہیں اور پھر اُسے فیصلہ کرنا چاہیے کہ اُس کے لیے کون سا علاج سب سے بہتر ہوگا۔—امثال 14:15۔