سبق 5
زمین کے لئے خدا کا مقصد کیا ہے؟
1. خدا نے زمین کو کیوں بنایا؟
یہوواہ خدا نے زمین کو اِس لئے بنایا کہ انسان اِس پر رہیں۔ لہٰذا زمین انسانوں کے لئے بنائی گئی ہے۔ خدا نے آدم اور حوا کو آسمان پر رہنے کے لئے نہیں بنایا تھا بلکہ اُس نے فرشتوں کو آسمان پر رہنے کے لئے بنایا تھا۔ (ایوب 38:4، 7) خدا نے آدم کو فردوس میں بسایا۔ فردوس، زمین پر ایک خوبصورت باغ تھا جس کا نام باغِعدن تھا۔ (پیدایش 2:15-17) یہوواہ خدا کا مقصد تھا کہ آدم اور اُن کی ہونے والی اولاد ہمیشہ تک زمین پر فردوس میں رہیں۔ زبور 37:29؛ 115:16 کو پڑھیں۔
شروع میں صرف باغِعدن فردوس تھا۔ لیکن خدا نے آدم اور حوا کو حکم دیا کہ وہ زمین کو اپنی اولاد سے بھر دیں، زمین کی دیکھبھال کریں اور آخرکار پوری زمین کو فردوس بنا دیں۔ (پیدایش 1:28) زمین کبھی تباہ نہیں ہوگی۔ انسان ہمیشہ اِس پر رہیں گے۔ زبور 104:5 کو پڑھیں۔
ویڈیو ”خدا نے زمین کو کیوں بنایا؟“ دیکھیں۔
2. زمین اب فردوس کیوں نہیں ہے؟
آدم اور حوا نے یہوواہ خدا کی نافرمانی کی اِس لئے خدا نے اُنہیں باغِعدن سے نکال دیا۔ اِس کے نتیجے میں فردوس ختم ہو گیا اور کوئی بھی انسان اِسے دوبارہ قائم نہیں کر سکا۔ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ تب سے ”زمین شریروں کو سپرد کر دی گئی ہے۔“—ایوب 9:24۔ پیدایش 3:23، 24 کو پڑھیں۔
کیا یہوواہ خدا نے اپنا یہ مقصد ترک کر دیا ہے کہ انسان فردوس میں رہیں؟ جینہیں۔ یہوواہ خدا کائنات کا خالق ہے۔ وہ کبھی ناکام نہیں ہو سکتا۔ (یسعیاہ 45:18) وہ انسانوں کے لئے اپنے مقصد کو ضرور پورا کرے گا۔ زبور 37:11، 34 کو پڑھیں۔
3. فردوس دوبارہ کیسے قائم ہوگا؟
زمین پر فردوس تب قائم ہوگا جب یسوع مسیح خدا کے بادشاہ کے طور پر حکمرانی کریں گے۔ وہ اپنے فرشتوں کے ساتھ خدا کے دُشمنوں کے خلاف جنگ کریں گے۔ خدا کے کلام میں اِس جنگ کو ہرمجِدّون کہا گیا ہے۔ یسوع مسیح خدا کے دُشمنوں کو ختم کر دیں گے اور شیطان کو 1000 سال کے لئے قید کر دیں مکاشفہ 20:1-3؛ 21:3، 4 کو پڑھیں۔
گے۔ خدا کے بندے بچ جائیں گے کیونکہ یسوع مسیح اُن کی رہنمائی اور حفاظت کریں گے۔ تب زمین پر فردوس قائم ہوگا اور خدا کے بندے ہمیشہ تک اِس میں رہیں گے۔4. دُکھ اور تکلیف کا خاتمہ کب ہوگا؟
خدا زمین سے بُرائی کب ختم کرے گا؟ یسوع مسیح نے ایسے واقعات کے بارے میں بتایا جن سے پتہ چلتا ہے کہ خاتمہ نزدیک ہے۔ آجکل دُنیا کے حالات اِتنے خراب ہیں کہ انسان کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اِس دُنیا کے آخری زمانے میں رہ رہے ہیں۔ متی 24:3، 7-14، 21، 22 کو پڑھیں۔
یسوع مسیح 1000 سال تک آسمان سے زمین پر حکمرانی کریں گے۔ اِس دوران وہ دُکھ اور تکلیف کو مٹا دیں گے۔ (یسعیاہ 9:6، 7؛ 11:9) یسوع مسیح بادشاہ کے ساتھساتھ سردارکاہن بھی ہوں گے اور اِس ناتے وہ اُن لوگوں کے گُناہوں کو مٹا دیں گے جو یہوواہ خدا سے محبت رکھتے ہیں۔ لہٰذا خدا یسوع مسیح کے ذریعے بیماری، بڑھاپے اور موت کو ختم کر دے گا۔ یسعیاہ 25:8؛ 33:24 کو پڑھیں۔
5. فردوس میں کس طرح کے لوگ رہیں گے؟
فردوس میں ایسے لوگ رہیں گے جو یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں۔ (1-یوحنا 2:17) یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو حکم دیا کہ وہ حلیم لوگوں کی تلاش کریں جو خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں اور اُن کو یہ بتائیں کہ وہ خدا کی خوشنودی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ آجکل یہوواہ خدا لاکھوں لوگوں کی تربیت کر رہا ہے تاکہ وہ ایسی خوبیاں پیدا کریں جو فردوس میں رہنے کے لئے ضروری ہوں گی۔ (صفنیاہ 2:3) ایسی تربیت یہوواہ کے گواہوں کی عبادتگاہوں میں دی جاتی ہے جنہیں کنگڈمہال کہا جاتا ہے۔ وہاں لوگ سیکھتے ہیں کہ وہ اچھے شوہر اور اچھے باپ یا اچھی بیوی اور اچھی ماں کیسے بن سکتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کے ساتھ مل کر عبادت کرتے ہیں اور یہ سیکھتے ہیں کہ خوشخبری اُن کی زندگی پر کتنا اچھا اثر ڈال سکتی ہے۔ میکاہ 4:1-4 کو پڑھیں۔