مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

حصہ 9

خاندان کے طور پر یہوواہ خدا کی عبادت کریں

خاندان کے طور پر یہوواہ خدا کی عبادت کریں

‏”‏اُسی کی عبادت کرو جس نے آسمان اور زمین .‏ .‏ .‏ پیدا کئے۔“‏—‏مکاشفہ 14:‏7

جیسا کہ آپ نے اِس کتاب میں سیکھا ہے، خدا کے کلام میں بہت سے ایسے اصول پائے جاتے ہیں جو آپ کے اور آپ کے گھر والوں کے لیے فائدہ‌مند ثابت ہوں گے۔ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ آپ خوش رہیں۔ اُس کا وعدہ ہے کہ اگر آپ اُس کی عبادت کو اپنی زندگی میں پہلا مقام دیں گے تو وہ آپ کی ضروریات کا خیال رکھے گا۔ (‏متی 6:‏33‏)‏ اُس کی خواہش ہے کہ آپ اُس کے دوست بن جائیں۔ اِنسانوں کے لیے اِس سے بڑا اعزاز کوئی اَور نہیں ہے۔ اِس لیے خدا کے ساتھ اپنی دوستی کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔—‏متی 22:‏37، 38‏۔‏

1 یہوواہ خدا کے ساتھ اپنی دوستی کو مضبوط کریں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏[‏مَیں]‏ تمہارا باپ ہوں گا اور تُم میرے بیٹے بیٹیاں ہوگے۔ یہ [‏یہوواہ]‏ قادرِمطلق کا قول ہے۔“‏ (‏2-‏کرنتھیوں 6:‏18‏)‏ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کے قریبی دوست بن جائیں۔ دُعا کے ذریعے آپ اُس کی قربت میں آ سکتے ہیں۔ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس سے ”‏بِلاناغہ دُعا“‏ کریں۔ (‏1-‏تھسلنیکیوں 5:‏17‏)‏ وہ آپ کی دل کی باتوں اور پریشانیوں کے بارے میں سننے کو ہمیشہ تیار رہتا ہے۔ (‏فلپیوں 4:‏6‏)‏ جب آپ اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر دُعا کرتے ہیں تو وہ دیکھ سکتے ہیں کہ خدا آپ کا کتنا گہرا دوست ہے۔‏

خدا سے بات کرنے کے علاوہ یہ بھی اہم ہے کہ آپ اُس کی بات سنیں۔ جب آپ خدا کا کلام اور اُس پر مبنی کتابیں اور رسالے پڑھتے ہیں تو دراصل آپ خدا کی بات سُن رہے ہوتے ہیں۔ (‏زبور 1:‏1، 2‏)‏ جو کچھ آپ سیکھتے ہیں، اُس پر سوچ‌بچار کریں۔ (‏زبور 77:‏11، 12‏)‏ خدا کی بات سننے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپ باقاعدگی سے اُن لوگوں کے ساتھ جمع ہوں جو یہوواہ خدا کی عبادت کرتے ہیں۔—‏زبور 122:‏1-‏4‏۔‏

اگر آپ دوسروں کو یہوواہ خدا کے بارے میں بتاتے ہیں تو اُس کے ساتھ آپ کی دوستی اَور بھی مضبوط ہو جاتی ہے۔ جتنا زیادہ آپ اُس کے بارے میں بات کریں گے اُتنا ہی آپ اُس کے قریب ہوتے جائیں گے۔—‏متی 28:‏19، 20‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • خدا کا کلام پڑھنے اور دُعا کرنے کے لیے ہر روز وقت نکالیں۔‏

  • تفریح کی نسبت یہوواہ خدا کی عبادت کو اپنی زندگی میں زیادہ اہم مقام دیں۔‏

2 خاندان کے طور پر خدا کے کلام کا مطالعہ کریں

خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟‏ ”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔“‏ (‏یعقوب 4:‏8‏)‏ آپ کو ایک وقت مقرر کرنا چاہیے جس دوران آپ اپنے گھر والوں کے ساتھ خدا کے کلام کا مطالعہ کریں گے۔ (‏پیدایش 18:‏19‏)‏ لیکن اِتنا ہی کافی نہیں ہے۔ آپ کو اپنی روزمرہ زندگی میں بھی خدا کو یاد رکھنا چاہیے۔ اگر آپ ”‏گھر بیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت“‏ اپنے گھر والوں سے یہوواہ خدا کے بارے میں بات کرتے ہیں تو خدا کے ساتھ اُن کی دوستی بھی مضبوط ہو جائے گی۔ (‏استثنا 6:‏6، 7‏)‏ خدا کے بندے یشوع جیسا عزم رکھیں جنہوں نے کہا:‏ ”‏اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو [‏یہوواہ]‏ کی پرستش کریں گے۔“‏—‏یشوع 24:‏15‏۔‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے کا ایک پروگرام بنائیں اور اِسے اِس طرح سے ترتیب دیں کہ آپ کے گھر کے ہر فرد کو فائدہ ہو۔‏