مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 01

بائبل آپ کی زندگی کو بہتر بنا سکتی ہے!‏

بائبل آپ کی زندگی کو بہتر بنا سکتی ہے!‏

ہم سب کے ذہن میں بہت سے سوال آتے ہیں۔ اِن سوالوں کا تعلق زندگی، اِنسانوں پر آنے والی مصیبتوں، موت اور مستقبل سے ہو سکتا ہے۔ یہ سوال روزمرہ معاملوں کے بارے میں بھی ہو سکتے ہیں جیسے کہ روزی‌روٹی کمانے یا اچھی گھریلو زندگی گزارنے کے بارے میں۔ بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے کہ بائبل سے نہ صرف زندگی کے بارے میں اہم سوالوں کے جواب ملتے ہیں بلکہ زندگی گزارنے کے حوالے سے اچھے مشورے بھی ملتے ہیں۔ اصل میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں جسے بائبل کا مطالعہ کرنے سے فائدہ نہ ہو۔‏

1.‏ بائبل میں کس طرح کے سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں؟‏

بائبل میں اِن اہم سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں:‏ زندگی کی اِبتدا کیسے ہوئی؟ ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے؟ اِنسانوں پر مصیبتیں کیوں آتی ہیں؟ جب ایک شخص مر جاتا ہے تو اُس کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟ اگر ہر شخص چاہتا ہے کہ زمین پر امن ہو تو پھر اِتنی جنگیں کیوں ہوتی ہیں؟ مستقبل میں زمین کے ساتھ کیا ہوگا؟ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ہمیں ایسے سوالوں کے جواب حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اور لاکھوں لوگوں کو بائبل سے اپنے سوالوں کے اِطمینان‌بخش جواب ملے ہیں۔‏

2.‏ بائبل میں کن معاملوں کے بارے میں فائدہ‌مند مشورے دیے گئے ہیں؟‏

بائبل میں بہت سے اچھے مشورے دیے گئے ہیں۔ مثال کے طور پر اِس میں بتایا گیا ہے کہ ایک گھرانہ خوش کیسے رہ سکتا ہے۔ اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہم پریشانیوں سے کیسے نمٹ سکتے ہیں اور اپنے کام سے خوشی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ جب ہم مل کر اِس کتاب پر بات‌چیت کریں گے تو آپ بائبل سے اِن باتوں اور بہت سی دوسری باتوں کے بارے میں سیکھیں گے۔ پھر آپ سمجھ جائیں گے کہ ‏”‏پاک صحیفوں [‏یعنی بائبل]‏ میں جو کچھ بھی لکھا ہے، وہ .‏ .‏ .‏ فائدہ‌مند ہے۔“‏‏—‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏16‏۔‏

اِس کتاب کا مقصد یہ نہیں ہے کہ بائبل کی جگہ اِسے اِستعمال کِیا جائے۔ اِسے اِس لیے تیار کِیا گیا ہے تاکہ اِس کی مدد سے آپ بائبل کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔ اِس لیے اچھا ہوگا کہ آپ اُن آیتوں کو پڑھیں جو ہر سبق میں دی گئی ہیں۔ پھر یہ دیکھیں کہ اِن آیتوں کا اُن باتوں سے کیا تعلق ہے جو آپ سیکھ رہے ہیں۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

جانیں کہ بائبل سے لوگوں کو کیا فائدہ ہوا ہے، آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ کو بائبل پڑھنے کا مزہ آئے اور یہ کیوں اچھا ہوگا کہ آپ اِسے سمجھنے کے لیے کسی کی مدد لیں۔‏

3.‏ بائبل ہمیں صحیح راستہ دِکھا سکتی ہے

بائبل تیز روشنی والی ایک ٹارچ کی طرح ہے۔ اِس کے ذریعے ہم جان سکتے ہیں کہ ہم اچھے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں اور مستقبل میں کیا ہونے والا ہے۔‏

زبور 119:‏105 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِس زبور کو لکھنے والا بائبل کے بارے میں کیا سوچتا تھا؟‏

  • آپ بائبل کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟‏

4.‏ بائبل سے ہمیں اپنے سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں

ایک عورت کے ذہن میں بہت سالوں سے کچھ سوال تھے جنہوں نے اُسے پریشان کر رکھا تھا۔ لیکن بائبل سے اُسے اپنے سارے سوالوں کے جواب مل گئے۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِس عورت کے ذہن میں کون سے سوال تھے؟‏

  • بائبل کی تعلیم حاصل کرنے سے اُسے کیا فائدہ ہوا؟‏

بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ ہمیں سوال پوچھنے چاہئیں۔ متی 7:‏7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • آپ کے ذہن میں کون سے سوال ہیں جن کے جواب بائبل سے مل سکتے ہیں؟‏

5.‏ آپ کو بائبل پڑھنے کا مزہ آ سکتا ہے

بہت سے لوگوں کو بائبل پڑھنے کا مزہ آتا ہے اور وہ اِس سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِس ویڈیو میں جو نوجوان بات کر رہے تھے، اُنہیں کتابیں وغیرہ پڑھنا کیسا لگتا ہے؟‏

  • لیکن اُنہیں بائبل پڑھنا کیسا لگتا ہے؟‏

بائبل میں ایسی باتیں لکھی ہیں جن سے ہمیں تسلی اور اُمید ملتی ہے۔ رومیوں 15:‏4 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو بھی وہ تسلی اور اُمید حاصل ہو جس کا اِس آیت میں ذکر کِیا گیا ہے؟‏

6.‏ بائبل کو سمجھنے میں دوسرے ہماری مدد کر سکتے ہیں

بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے کہ اُنہیں خود بائبل پڑھنے سے تو فائدہ ہوتا ہے لیکن جب وہ کسی کے ساتھ مل کر اِس پر بات‌چیت کرتے ہیں تو اُنہیں زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ اعمال 8:‏26-‏31 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • ہم بائبل میں لکھی باتوں کو کیسے سمجھ سکتے ہیں؟—‏30 اور 31 آیتوں کو دیکھیں۔‏

ایتھیوپیائی شخص کو پاک صحیفوں کو سمجھنے کے لیے مدد کی ضرورت تھی۔ آج بھی بہت سے لوگ دوسروں کی مدد سے بائبل کو اچھی طرح سمجھ پاتے ہیں۔‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏بائبل پڑھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔“‏

  • آپ اِس کے جواب میں کیا کہیں گے؟ اور آپ ایسا کیوں کہیں گے؟‏

خلاصہ

بائبل میں زندگی گزارنے کے حوالے سے اچھے مشورے پائے جاتے ہیں۔ اِس میں اہم سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں اور ایسی باتیں بتائی گئی ہیں جن سے لوگوں کو تسلی اور اُمید ملتی ہے۔‏

دُہرائی

  • بائبل میں کس طرح کے مشورے پائے جاتے ہیں؟‏

  • بائبل میں کس طرح کے سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں؟‏

  • آپ بائبل میں سے کیا سیکھنا چاہتے ہیں؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں دیے گئے مشوروں پر عمل کرنے سے آج بھی کتنے فائدے ہو سکتے ہیں۔‏

‏”‏پاک کلام کی تعلیمات—‏ہر زمانے میں فائدہ‌مند“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏

ایک شخص بچپن سے ہی اپنی زندگی سے خوش نہیں تھا۔ اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ بائبل کی تعلیم حاصل کرنے سے اُسے کیا فائدہ ہوا۔‏

میری نئی اور خوشیوں بھری زندگی کی شروعات (‏53:‏2)‏

اِس رسالے میں پڑھیں کہ بائبل میں گھریلو زندگی کے حوالے سے کون سے مشورے دیے گئے ہیں۔‏

‏”‏12 طریقے اپنائیں؛ گھریلو زندگی کو خوش‌گوار بنائیں“‏ (‏جاگو!‏ نمبر 2 2018ء)‏

اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ بائبل کے مطابق اِس دُنیا پر اصل میں کس کی حکومت ہے۔‏

بائبل میں دلچسپی کیوں لیں؟—‏مکمل ویڈیو (‏14:‏3)‏