یہوواہ کے گواہوں کی تنظیم کے اخراجات کیسے پورے ہوتے ہیں؟
ہماری تبلیغی سرگرمیوں کے اخراجات عام طور پر اُن عطیات سے پورے کیے جاتے ہیں جو یہوواہ کے گواہ رضاکارانہ طور پر دیتے ہیں۔ ہمارے اِجلاسوں پر چندہ نہیں لیا جاتا اور ہم لوگوں سے دہ یکی (یعنی مال کا دسواں حصہ) بھی وصول نہیں کرتے۔ (متی 10:7، 8) اِس کی بجائے ہماری عبادت گاہوں میں عطیات کے ڈبے ہوتے ہیں جن میں لوگ اپنی مرضی سے عطیات ڈال سکتے ہیں۔ اِس بات کا اِعلان نہیں کِیا جاتا کہ کس نے کتنی رقم دی ہے۔
ہماری تنظیم اپنے اخراجات اِس لیے پورے کر پاتی ہے کیونکہ ہمارے مذہبی پیشوا بغیر کسی تنخواہ کے کام کرتے ہیں، ہمارے تمام رضاکار تبلیغی کام بِلامعاوضہ کرتے ہیں اور ہماری عبادت گاہیں سادہ ہوتی ہیں۔
ہم عطیات کیسے اِستعمال کرتے ہیں؟ ہم قدرتی آفتوں میں اِمداد فراہم کرتے ہیں، اپنے مشنریوں اور سفری نگہبانوں کے اخراجات پورے کرتے ہیں، بائبلیں اور مسیحی کتابیں چھاپتے اور تقسیم کرتے ہیں اور اپنی عبادت گاہیں تعمیر کرتے ہیں۔
عطیات مقامی کلیسیا (یعنی جماعت) کے اخراجات کے لیے یا ہمارے عالم گیر کام کے لیے دیے جا سکتے ہیں۔ ہر کلیسیا میں ارکان کو باقاعدگی سے حساب کتاب کی رپورٹ دی جاتی ہے تاکہ سب کو پتہ ہو کہ عطیات کیسے اِستعمال ہو رہے ہیں۔