ایک پادری کو اُس کے سوالوں کے جواب مل گئے
ایک دن جب الیسو نامی یہوواہ کی ایک گواہ ایک عورت کو اُس کے گھر پر بائبل کورس کرا رہی تھی تو دو بِن بلائے مہمانوں نے اُس عورت کے گھر کا دروازہ بجایا۔ جب اُس عورت نے دروازہ کھولا تو ایک پادری اپنی بیوی کے ساتھ کھڑا تھا۔ الیسو نے سنا تھا کہ اُس جوڑے کا اِکلوتا بیٹا حال ہی میں فوت ہو گیا ہے۔
جب الیسو نے اُس میاں بیوی کو بتایا کہ اُنہیں اُن کے بیٹے کے فوت ہونے کا کتنا دُکھ ہوا ہے تو وہ دونوں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ پھر اُس پادری نے غصے اور شکایت بھرے انداز میں کہا: ”مجھے سمجھ نہیں آتا کہ خدا مجھ پر یہ آزمائش کیوں لایا ہے۔ وہ مجھ سے میرا اِکلوتا بیٹا کیسے چھین سکتا ہے؟ مَیں 28 سال سے خدا کی خدمت کر رہا ہوں اور مَیں نے ہمیشہ دوسروں کے ساتھ بھلائی کی ہے اور اُس نے مجھے اِس کا یہ صلہ دیا ہے۔ اُس نے میرے بیٹے کو کیوں مار دیا؟“
الیسو نے اُس جوڑے کو سمجھایا کہ خدا نے اُن کے بیٹے کو نہیں مارا۔ اُنہوں نے اُس جوڑے کے ساتھ فدیے اور مستقبل میں مُردوں کے زندہ ہو جانے کے بارے میں بات کی اور اُنہیں یہ بھی بتایا کہ خدا اِنسانوں کو دُکھ تکلیف سہنے کی اِجازت کیوں دیتا ہے۔ اُس پادری اور اُس کی بیوی نے الیسو کو بتایا کہ اُن کی باتوں سے اُنہیں اُن سب سوالوں کے جواب مل گئے ہیں جنہیں جاننے کے لیے وہ دُعائیں کر رہے تھے۔
اِس کے اگلے ہفتے وہ پادری اور اُس کی بیوی دوبارہ اُس عورت کے گھر گئے اور جب الیسو اُس عورت کو بائبل کورس کرا رہی تھیں تو وہ دونوں بھی اُن کے ساتھ بیٹھ گئے۔ الیسو کتاب ”پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں“ کے اُس باب سے بائبل کورس کرا رہی تھیں جس کا عنوان ہے: ”اِنسان موت کی گِرفت سے آزاد ہوگا۔“ اُس جوڑے نے بھی اِس باتچیت میں بڑے شوق سے حصہ لیا۔
بعد میں وہ جوڑا یہوواہ کے گواہوں کے ایک خصوصی اِجتماع پر گیا جو جارجیا کے شہر تبلیسی میں منعقد ہوا تھا۔ جب اُنہوں نے دیکھا کہ یہوواہ کے بندے ایک دوسرے سے کتنی گہری محبت رکھتے ہیں اور آپس میں کتنے متحد ہیں تو اِس کا اُن کے دل پر گہرا اثر ہوا۔ یہ وہ خوبیاں تھیں جنہیں وہ اپنے چرچ کے ارکان میں پیدا کرنے کے لیے کافی عرصے سے محنت کر رہے تھے لیکن اُن کی ساری کوششیں بےکار گئی تھیں۔