مواد فوراً دِکھائیں

افریقہ میں نابینا لوگوں کے لیے روشنی کی کِرن

افریقہ میں نابینا لوگوں کے لیے روشنی کی کِرن

کچھ ترقی پذیر ملکوں میں نابینا لوگوں کے لیے اُتنی سہولتیں دستیاب نہیں جتنی دُنیا کے دوسرے ملکوں میں ہیں۔ کبھی کبھار معاشرے کے لوگ اُنہیں رد کر دیتے ہیں اور روزمرہ کاموں کے سلسلے میں اُن کی مدد نہیں کرتے۔ یہ ایسے کام ہیں جو عام لوگوں کو بہت معمولی لگتے ہیں جیسا کہ بازار سے کھانے پینے کا سامان خریدنا، بس میں سفر کرنا اور پیسوں کا لین دین کرنا وغیرہ۔ پڑھنا بھی اُن کے لیے ایک مسئلہ ہو سکتا ہے۔ سچ ہے کہ نابینا لوگوں کے لیے بریل میں مطبوعات دستیاب ہیں جو ایک ایسا طرزِتحریر ہے جسے اُنگلیوں سے چُھو کر پڑھا جا سکتا ہے۔ لیکن سب نابینا لوگ بریل نہیں پڑھ سکتے۔ اور اگر وہ پڑھ بھی سکتے ہیں تو شاید اُنہیں اپنی زبان میں آسانی سے بریل کتابیں نہ ملیں۔‏

یہوواہ کے گواہ 100 سال سے زیادہ عرصے سے نابینا لوگوں کے لیے کتابیں اور رسالے چھاپ رہے ہیں۔ حال ہی میں اُنہوں نے ملک نیدرلینڈز سے ملک ملاوی میں بریل مطبوعات چھاپنے کے لیے مشینیں اور جِلد کرنے کا سامان بھیجا تاکہ چچیوا زبان میں بریل مطبوعات چھاپی جا سکیں۔‏

لیو، برازیل میں یہوواہ کے گواہوں کے دفتر میں کام کرتے ہیں اور اُنہیں بریل مطبوعات تیار کرنے کے سلسلے میں کافی تجربہ ہے۔ اُنہوں نے ملاوی آ کر پانچ لوگوں کو مشینیں اور وہ پروگرام اِستعمال کرنے کی تربیت دی جس کے ذریعے کسی مضمون کو بریل میں بدلا جا سکتا ہے۔ اِس پروگرام کو یہوواہ کے گواہوں نے بنایا ہے اور اِس کے ذریعے چچیوا زبان کے مضامین کو بریل میں تبدیل کِیا جا سکتا ہے۔ لیکن اِس پروگرام کو اِستعمال کرنے سے پہلے یہ ضروری تھا کہ کمپیوٹر پر ایسی فائلیں اِنسٹال کی جائیں جن میں چچیوا زبان کے حروف کے مترادف بریل حروف موجود ہوں۔ اِس پروگرام کے ذریعے مطبوعات کو اِس طرح سے ترتیب بھی دیا جا سکتا ہے کہ نابینا لوگ اِنہیں آسانی سے پڑھ سکیں۔ آئیں، دیکھیں کہ ملاوی میں رہنے والے کچھ لوگ اِن مطبوعات کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔‏

منیاردزی ایک جوان نابینا عورت ہیں اور ریڈیو پر ایک پروگرام کی میزبانی کرتی ہیں۔ اِس کے علاوہ وہ ہر مہینے تبلیغی کام میں 70 گھنٹے صرف کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏پہلے مَیں انگریزی زبان میں بریل کتابیں اور رسالے پڑھتی تھی لیکن مَیں بہت خوش ہوں کہ اب یہ میری مادری زبان میں دستیاب ہیں۔ مَیں اُن یہوواہ کے گواہوں کی بے‌حد شکرگزار ہوں جن کی محنت اور عطیات کی وجہ سے ہمیں چچیوا زبان میں بریل کتابیں اور رسالے مل رہے ہیں۔ اِس سے مجھے احساس ہوتا ہے کہ ہماری بھی قدر کی جاتی ہے۔“‏

فرانسس ملاوی کے شمال میں رہتے ہیں۔ وہ نابینا ہیں اور ایک وقت تھا جب وہ دوسروں پر اِنحصار کرتے تھے کہ وہ اُنہیں پڑھ کر سنائیں۔ جب اُنہیں پہلی بار چچیوا بریل میں کتابیں اور رسالے ملے تو اُنہوں نے کہا:‏ ”‏کہیں مَیں خواب تو نہیں دیکھ رہا؟ یہ تو کمال ہی ہو گیا ہے!‏“‏

لوئس بھی نابینا ہیں اور کُل وقتی طور پر تبلیغی کام کرتی ہیں۔ اُنہوں نے 52 لوگوں کی مدد کی تاکہ وہ پاک کلام کی تعلیم کے ذریعے اپنی زندگی سنوار سکیں۔ جب وہ لوگوں کو بائبل کورس کراتی ہیں تو وہ خود بریل مطبوعات اِستعمال کرتی ہیں لیکن کورس کرنے والے لوگ عام مطبوعات اِستعمال کرتے ہیں۔‏

لوئس بائبل کورس کرا رہی ہیں۔‏

لیو جن کا پہلے ذکر کِیا گیا، کہتے ہیں:‏ ”‏جب مَیں لوگوں کو بریل میں پاک کلام پر مبنی مطبوعات دیتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ وہ اپنی زبان میں اِنہیں پا کر کتنے خوش ہیں تو مجھے بڑا اِطمینان ملتا ہے۔ بہت سے لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ یہوواہ خدا کے بہت شکرگزار ہیں۔ وہ اِس بات پر بھی خوش ہوتے ہیں کہ اب اُنہیں کسی اَور پر اِنحصار نہیں کرنا پڑتا کیونکہ اب وہ خود اِجلاسوں اور تبلیغی کام کے لیے تیاری کر سکتے ہیں اور پاک کلام کا مطالعہ بھی کر سکتے ہیں۔ بریل مطبوعات کے ذریعے وہ یہوواہ خدا کے اَور قریب ہو گئے ہیں اور اِس سلسلے میں اپنے گھر والوں کی بھی زیادہ بہتر طور پر مدد کر سکتے ہیں۔“‏